اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ حان نے کہاہے کہ یونان میں کشتی کے حادثہ میں ہونے والی اموات ایک بہت بڑا سانحہ ہے۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ ملک بھر کے عوام اپنے بھائیوں کی دیار غیر میں اموات پر سوگوار ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ کو روکنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ درندہ صفت انسانی اسمگلروں کے خلاف ایف آئی اے حرکت میں آ چکی ہے، لاہور اور کراچی میں اس سلسلہ میں گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہاکہ اس سانحہ میں ملوث موت کے تمام افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جائے گا۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی بنائی گئی ہے جو ذمہ داروں کا تعین کرے گی اور انسانی اسمگلنگ کے انسداد کیلئے سفارشات مرتب کرئے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ انسانی اسمگلنگ کا دہندہ کرنے والوں کو عبرتناک سزا کے لیے خصوصی قانون سازی کی جائے گی، حکومت اس سانحہ کا شکار ہونے والوں کے خاندانوں کی ہر قسم کی بھرپور معاونت کرے گی۔وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کی مغفرت کیلئے دعا ءکی ۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے مکمل ہمدردی ہے اور ان کے دکھ میں شریک ہیں۔