کراچی(نمائندہ خصوصی) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)ایکسپو سینٹر میں نمائش منعقد کرنے والے آرگنائزر سے کروڑوں روپے وصول کرنے کے باوجود کراچی ایکسپو سینٹر کے ایئرکنڈیشنز سسٹم کو ٹھیک کرنے یا نیا سسٹم لگانے سے قاصر نظر آتا ہے ، کراچی ایکسپو سینٹر میں بیرون ممالک سے آئے ہوئے ڈیلیگیٹس نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایکسپو سینٹر کی حالت بہت خراب ہے یہ بات کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ کل کراچی ایکسپو سینٹر میں ناقص بجلی کے نظام کی وجہ سے شاٹ سرکٹ ہوا کافی دیر تک دھماکے ہوتے رہے جس کی ویڈیو بھی موجود ہے اللہ کا شکر ہے نمائش منعقد کرنے والے منتظمین نے حالات پر جلد قابو پالیا۔کوکب اقبال نے کہا کہ پوری دنیا میں تجارت کو فروغ دینے کیلئے نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے دبئی اس کی مثال موجود ہے جہاں پورے سال حکومت کی سرپرستی میں مختلف نمائش کا انعقاد کیا جاتا ہے پوری دنیا سے ٹریڈرز اپنے اسٹال لگاتے ہیں اور اپنی پروڈکٹ کو ایکسپورٹ کرنے کیلئے کروڑوں کے آرڈرز لیتے ہیں کراچی ایکسپو سینٹر میں بھی سارے سال کوئی نہ کوئی نمائش منعقد ہوتی ہے مگر لاہور کے ایکسپو سینٹر کی بہ نسبت کراچی ایکسپو سینٹر کی حالت بدترین ہے ایسا لگتا ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کو کوئی دلچسپی نہیں ہے حالانکہ TDAP کے CEOکا تعلق ایک بزنس کمیونٹی سے ہے جب انہوں نے چارج سنبھالا تھا تو یہ توقع تھی کہ کراچی کے بزنس مین ہونے کے ناتے وہ سب سے پہلے اس طرف توجہ دیں گے مگر بجائے اس کے کراچی ایکسپو سینٹر کی حالت ٹھیک ہوتی یہ زوال کی طرف جارہا ہے ایسا لگتاہے کہ سوائے نمائش منعقد کرنے والوں سے پیسہ بٹورنے کے علاوہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP)اور کوئی کام انجام دینے کو تیار نہیں ہے کوکب اقبال نے کہا کہ کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان فوڈ ایشیاء نمائش میں منتظمین کے ساتھ بحیثیت اسٹریٹیجک پارٹنر کے طور پر ساتھ ہے ، کراچی میں فوڈ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے فوڈ ایشیاء کو بہت پذیرائی دی ہے ہم کراچی کے معاشی حالات کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت خصوصی طور پر TDAP کراچی ایکسپو سینٹر کی حالت زار پر فوری توجہ دے تاکہ یہاں عالمی معیار کی ٹریڈ نمائش کے انعقاد کو یقینی بنایا جاسکے ۔