شیخوپورہ( نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور انکی ٹیم کی مسلسل دن رات محنت کے بعد امید اور روشنی کی کرن نظر آئی ہے کہ ملک اور معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہیں۔ شیخوپورہ کی تحصیل مریدکے میں گیس فراہمی منصوبے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوے وفاقی وزیر رانا تنویرحسین نے کہاکہ ایک سال کی حکومت میں ہم نے تباہ حال ملکی معیشت کو سہارا دیا اور عوامی فلاح و بہبود کے وہ کام کیے جو پونے چار سال کے عرصہ میں نام نہاد تحریک انصاف کی حکومت نہ کرسکی ۔وفاقی وزیرنے کہاکہ تحریک انصاف اگر کرپشن اقربا پروری لوٹ مار کی بجاے مسلم لیگ (ن)کے منصوبوں کو ہی جاری رکھ کر مکمل کرلیتی تو آج ملک عدم استحکام کا شکار نہ ہوتا بلکہ عوام کو تعلیم صحت کی دستیابی اور مہنگائی کا مسلہ نہ ہوتا۔رانا تنویرحسین نے کہاکہ ملک قوم کے وسائل کو پی ٹی آئی حکومت نے اس قدر بے دردی سے لوٹا کہ صرف ایک واقعہ میں60ارب روپے ہڑپ کرلئے گئے، انکی کرپشن کی داستان رقم کرنے کےلیے ہزاروں صفحات درکار ہیں اور کرپشن پر انکے اتنے کارنامے ہیں کہ ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں آسکتا ہے۔