اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) نے بجٹ پر حکمران اتحاد میں شامل اہم جماعت پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرلیا۔دونوں اتحادی جماعتوں کے وزرا پر مشتمل وفود کے مذاکرات آ ج ( پیر) کے روز وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ہوں گے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی شرکت کا بھی امکان ہے۔ سندھ حکومت کو سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے فنڈز فراہمی پرگفتگو ہوگی۔ سندھ حکومت نے وفاقی بجٹ کی حمایت میں ووٹ ڈالنا سیلاب زدگان کیلئے بجٹ مختص کرنے سے مشروط کر رکھا ہے۔خیال رہے کہ سوات میں ایک جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں تحفظات سے آگاہ کردیا ہے، وفاقی حکومت نے سیلاب متاثرین کیلئے مناسب فنڈ نہیں رکھے، وفاقی بجٹ میں پیپلزپارٹی کی کم تجاویز شامل کی گئیں۔