کراچی(نمائندہ خصوصی) سمندری طوفان بائپرجوئے ہوا کا شدید کم دباﺅ بن چکا ہے، جس کی باقیات اب بھی بھارت کے وسطی راجستھان پر ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ بھر میں موسم گرم، شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں آئندہ 3 روز موسم گرم اور مرطوب رہے گا، اس دوران شہر میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے بتایاکہ اس دوران مغرب اور جنوب مغرب سے ہوائیں چلتی رہیں گی۔دوسری جانب طوفان بائپرجوئے کے ٹلنے کے بعد بدین کے ساحلی مرکز زیرو پوائنٹ پر ماہی گیروں کی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو گئی ہیں۔ماہی گیر اپنی کشتیوں کی مرمت اور کشتیوں سے پانی نکالنے میں مصروف ہیں جبکہ کئی ماہی گیر کھلے سمندر میں شکار کے لیے بھی روانہ ہو رہے ہیں۔