کراچی(نمائندہ خصوصی) کراچی کی مخدوش قرار دی گئی عمارتوں کے خلاف سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی نے کارروائی شروع کردی ہے۔لیاقت آباد سپرمارکیٹ کی 9 منزلہ عمارت کو ناقابل استعمال قرار دیتے ہوئے سیل کردیا گیا۔ایس بی سی اے حکام کے مطابق سپرمارکیٹ کی بیسمنٹ میں کئی سال سے پانی جمع ہے، عمارت سیل کرنے پر دکانداروں نے سخت احتجاج کیا۔مظاہرین نے کہاکہ انتظامیہ نے ساڑھے سات سو دکانوں پر تالے لگوادیئے لیکن کوئی نوٹس نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ عمارت مضبوط ہے، مخدوش قرار دینے کی کوئی منطق نہیں۔