کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے دو روزہ اسٹار پراپرٹی شو 2023 کا افتتاح کیا۔ اسٹار مارکیٹنگ کے سی ای او واسق نعیم نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے گیارہ شہروں میں بیک وقت اسٹار پراپرٹی شو کا انعقاد خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اس طرح کے ایونٹ کے انعقاد پر واسق نعیم اور ان کی پوری ٹیم خراج تحسین کے مستحق ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ یہ واحد انڈسٹری ہے جو پاکستان کو معاشی حالات سے نکال سکتی ہے، کیونکہ اس انڈسٹری کی بدولت 60سے 70 انڈسٹری کا پہیہ چلتا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پراپرٹی میں سرمایہ کاری معاشی سرگرمیوں میں اضافہ کا ایک اہم انڈیکیٹر ہے، اس طرح کے ایونٹس معیشت کی ترقی کے لئے ضروری ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ یہاں کی انڈسٹری کو قانونی تحفظ فراہم کیا جانا بہت ضروری ہے، جبکہ غلط این او سی فراہم کئے جانے والوں کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے اس انڈسٹری کی حوصلہ افزائی کی اشد ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ میں وزیراعظم پاکستان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے بھی بات کروں گا کہ اس انڈسٹری کے حوالے سے بجٹ میں خصوصی توجہ دی جائے، انہوں نے کہا کہ جہاں لیدر ، رائس اور باقی چیزوں پر توجہ دیتے ہیں وہاں ہم کنسٹرکشن انڈسٹری اور آئی ٹی جو کہ فیوچر ہے پاکستان کا اسے ہمیں پروموٹ کرنا چاہئے ۔ قبل ازیں گورنر سندھ نے تقریب میں موجود اہم شخصیات کو شیلڈز پیش کیں۔ اس موقع پر اسٹار مارکیٹنگ کے سی ای او واسق نعیم نے گورنر سندھ کو اسٹار مارکیٹنگ کی یادگاری شیلڈ پیش کی۔