لاہور(نمائندہ خصوصی) سیاسی جماعت سے وابستہ شرپسندوں کی جانب سے سانحہ 9مئی کے حوالے سے ہوشر بار اعترافات کا سلسلہ جاری ہے ، زمان پارک میں تیار کی گئی سازش کو سیاسی جماعت کے اپنے کارکنان نے بے نقاب کر دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار شر پسندوں نے اعتراف کیا ہے کہ لاہور کے جناح ہاﺅس میںشرانگیزی کی منصوبہ بندی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی گرفتاری سے ایک دن پہلے ہو چکی تھی۔یاسمین راشد اور اعجاز چوہدری نے کارکنان کو جناح ہاﺅس جانے کی ہدایت دی، چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے ایک دن پہلے میٹنگ بلا کر انتشار کا مکمل منصوبہ تیار کر لیا تھا۔کارکن نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گرفتاری سے پہلے ہی جناح ہاﺅس پر حملے کا منصوبہ بنا لیا تھا، شرانگیزی کے بعد انہوں نے خود کو بچانے کے لیے ایجنسیوں پر الزام تراشی کی۔مزید کہا گیا ہے کہ وزارت عظمی چھنتے ہی چیئرمین پی ٹی آئی نے افواج پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کر دیا تھا۔جناح ہاﺅس میں جلا ﺅگھیرا ﺅکے وقت پی ٹی آئی کے حسان نیازی بھی موجود تھے، انہوں نے کور کمانڈر کے یونیفارم کی بے حرمتی کی ۔