اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین نے قومی اسمبلی آئینی مدت سے چند روز قبل تحلیل کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ذرائع کے مطابق عام انتخابات کی تاریخ سے متعلق حکومتتی اتحاد نے مشاورت شروع کردی، حکومتی رہنماوں کے درمیان قومی اسمبلی آئینی مدت سے ایک ہفتہ قبل تحلیل کرنے کی تجویز پر غور جاری ہے۔وزیراعظم شہبازشریف بھی قائد ن لیگ نواز شریف سے اسمبلی مدت کے معاملے پر ہدایت لیں گے۔ حکومتی حلقوں میں نومبر 2023کے پہلے ہفتے میں انتخابات کرنے پر مشاورت جاری ہے۔ متفقہ لائحہ عمل کے لئے اتحادیوں کے سربراہی اجلاس میں حتمی فیصلہ ہوگا۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی کی آئینی مدت رواں سال 13 اگست کومکمل ہوگی، نومبر میں انتخابات کیلئے 9 یا 10 اگست کوقومی اسمبلی تحلیل کرنے پر مشورے کئے جارہے ہیں۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ 13اگست کو قومی اسمبلی کی مدت پوری ہونے کی صورت میں انتخابات 60 دن میں کرانا ہوں گے اور وقت سے پہلے تحلیل کی صورت میں 90دن میں کرانا ہوں گے، 90دن کے آپشن کی صورت میں انتخابات نومبر میں ہوں گے۔