کراچی (نمائندہ خصوصی ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے 15ویں فوڈ ٹیکنالوجی ایشیاء2023ءانٹرنیشنل ایگزیبیشن کا افتتاح کردیا ۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان ایک ذرخیز زرعی ملک ہے تاہم اس کے باوجود پاکستان میں خوراک کا مسئلہ انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی نمائشوں کے ذریعہ سے خوراک جیسے مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے اس ضمن میں عالمی ماہرین کے تجربہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ حاصل کرنا انتہائی ناگزیر ہے جبکہ بیجوں پر ریسرچ سے پیداوار میں اضافہ یقینی ہے۔ انہوںنے کہا کہ جدید طرز پر اپنی زراعت کو ڈھالنے کی ضرورت آج بہت زیادہ محسوس کی جارہی ہے اس ضمن میں آج ہم سب کو سنجیدگی سے سوچنے کی ضروت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس انتہائی اہم نمائش میں ترکیہ ، اومان اور دیگر ممالک کے وفود کی شرکت خوش آئند ہے،اس کے ذریعہ فوڈ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربہ سے استفادہ کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا ءکی سطح کی نمائش کے انعقاد پر منتظمین مبارک باد کے مستحق ہیں۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ حافظ نعیم کو کہتا ہوں فون کرکے مرتضیٰ وہاب کو مبارک باد دیں،کراچی کا میئر کوئی بھی ہو ہمیں اس شہر کے مسائل مل جل کر حل کرنا ہوں گے،مجھے امید ہے کہ جماعت اسلامی 160ووٹوں کے ساتھ سٹی کونسل میں ایک بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔