کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ اقوام کی ترقی میں تعلیم کا کلیدی کردار ہے، کیونکہ تعلیم کے فروغ کے بغیر ترقی ممکن نہیں، یہی وجہ ہے کہ تعلیم کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایجوکیشن ایکسپو 2023 ءکی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایجوکیشن ایکسپو 2023ءشاندار کاوش ہے، ایجوکیشن ایکسپو کے منتظمین اور شرکا ءخراج تحسین کے مستحق ہیں۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ آگاہی ، شعور اور مثبت تبدیلی تعلیم کے ذریعہ ہی ممکن ہے، اس لئے صوبہ میں تعلیم کے فروغ کے لئے اقدامات یقینی بنائے جارہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ عصری تقاضوں کے مطابق نصاب کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جبکہ جامعات کے ہونہار طالب علموں کو بھرپور معاونت بھی فراہم کررہے ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان قوم کا روشن مستقبل ہیں۔