کراچی( بیورو رپورٹ ) معروف کاروباری شخصیت اور اے سی ایم کے ڈائریکٹر عرفان میمن نے چین کے قونصل جنرل یون یان ڈونگ سے قونصل خانہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے مستقبل کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات میں عرفان میمن نے سی پیک کے حوالے سے پاکستانی سرمایہ کاروں کے لئے مشترکہ منصوبوں میں باہمی روابط اور براہ راست سرمایہ کاری کے لئے طریقہ کار وضع کرنے پر زور دیا۔ اس موقع پر عرفان میمن نے گوادر میں اپنے تعمیراتی منصوبوں کے حوالے سے پرزنٹیشن بھی پیش کی جسے قونصل جنرل نے سراہا۔ قونصل جنرل یو یان ڈونگ نے گرمجوشی سے خوش آمد کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں کاروباری برادری کے ساتھ گہری اور حقیقی شراکت داری قائم کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ پاکستانی عوام کو سی پیک کے ثمرات حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے اقتصادی راہداری کو دونوں ممالک کے لئے باہمی فوائد اور ترقی کا ضامن قرار دیتے ہوئے یقین دلایا کہ چین پاکستان کی کاروباری برادری کے ساتھ مل کر اقوام عالم میں ترقی کی لئے شانہ بشانہ کام کرنے کو تیار ہے انہو ں نے کہا کہ عالمی معاشی نظام کو مزید منصفانہ اور جامع بنایا جائے گا جس سے سب کو فوائد حاصل ہوں گے اس کے لئے ہونے والے مشترکہ کوششیں خطے میں عالمی امن، استحکام اور خوشحالی لے کر آئیں گی۔