اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )اسلامک ڈویلپمنٹ بینک (آئی ڈی بی) پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کیلئے 600 ملین ڈالرز کے پروجیکٹ فنانسنگ کی منظوری دینے کے لیے تیار ہے جس میں سے خیبرپختونخوا میں چشمہ رائٹ بینک کینال کے لیے مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔اعلیٰ سرکاری ذرائع نے صحافیوں کے ایک منتخب گروپ کو تصدیق کی کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لیے مختلف کثیرالجہتی اور دو طرفہ عطیہ دہندگان کی جانب سے پیشگی مرحلے پر 4 ارب ڈالرز کے قرضے ہیں اور آئندہ مالی سال میں مختلف منصوبوں کو ادائیگی شروع کر دی جائے گی۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ عالمی بینک نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے منصوبوں کے لیے 1.7 ارب ڈالرز کی منظوری دی جب کہ ایشیائی ترقیاتی بینک 600 ملین ڈالرز قرض فراہم کررہا ہے۔
پاکستان کثیر جہتی اور دو طرفہ قرض دہندگان سے کُل 2.7 ارب ڈالرز کی توقع کر رہا ہے۔ 2.7 ارب ڈالرز کے علاوہ آئی ڈی بی سے مزید 600 ملین ڈالر کا قرضہ ہے۔عہدیدار کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر 4 ارب ڈالرز کے قرضوں کی ادائیگی ہے جو پیشگی مرحلے میں ہے۔