اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)تھانہ کوہسار کی حدود سے سابق وزیر اعظم کے سابق پرنسپل سیکرٹری گریڈ 22 کے سرکاری آفیسر اعظم خان کو اغواء کرلیا گیا۔ تھانہ کوہسار پولیس نے اغواء کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ہاؤس نمبر 20، سٹریٹ نمبر 10 سیکٹر ایف سکس تھری اسلام آباد کے رہائشی پی اے ایس کے گریڈ 22 کے آفیسر اور وزیراعظم پاکستان کے سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان 15 جون 2023ء کی شام ساڑھے چھ بجے کے بعد ایک ضروری میٹنگ کا کہہ کر گھر سے نکلے اور پھر لاپتہ ہوگئے۔ ان کا فون بھی آف ہوگیا۔ جس پر ان کے گھر والے اپنے طور پر ان کی تلاش کرتے رہے لیکن ناکام رہے۔ بعدازاں تھانہ کوہسار پولیس کو تحریری درخواست دیتے ہوئے تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔جس پر پولیس تھانہ کوہسار نے واقعہ کے اگلے روز 16 جون کو اعظم خان کے بھتیجے محمد سعید خان کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 479/23 بجرم 365 درج کرلیا۔ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی ہے۔