اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہیں ،پاکستان چلے گا تو معیشت چلے گی ۔ جمعہ کو سینٹ اجلاس کے دوران بجٹ کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمدنے کہاکہ گزشتہ روز وزیر مملکت فنانس نے بتایا کہ بجٹ میں آئی ایم ایف کی شرائط پوری گئیں،یہ آئی ایم ایف کا سودی بجٹ ہے،اس بجٹ میں سود کے خلاف کوئی اقدام نظر نہیں آرہاہے ،پیش کردہ بجٹ مفروضوں پر مشتمل ہے۔وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہاکہ پاکستان چلے گا ،پاکستان کی معیشت چلے گی۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے کو کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، پاکستان کے ایٹمی اثاثے محفوظ ہاتھوں میں ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان ذمہ دار ملک ہے، دفاع سمیت ہر شعبہ پر گہری نظر ہے، پاکستان کے اثاثوں کی جانب اٹھنے والے ہاتھوں سے سختی سے نمٹا جائے گا، وفاقی کابینہ کفایت شعاری کے اقدامات پر عمل پیرا ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر رانا مقبول احمد نے کہا کہ حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، شمسی توانائی کے منصوبے لگانے کے لئے فنڈز مختص کئے گئے، مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کئے جا رہے ہیں۔ سینیٹر رانا مقبول نے کہا کہ ایوان بالا کے تمام اختیارات اور اجتماعی دانش کو بروئے کار لانا چاہیے، جب حکومت میں آئے تو تباہ حال معیشت ورثہ میں ملی، ماضی کی حکومت نے بے نظیر بھٹو پروگرام کا نام بدل دیا جو کہ مناسب نہیں تھا، شمسی توانائی کے منصوبے لگانے کے لئے فنڈز مختص کئے گئے، مستحق اور باصلاحیت نوجوانوں کو مفت لیپ ٹاپ فراہم کئے جا رہے ہیں۔