کراچی (نمائندہ خصوصی) طوفان بپرجوائے کا خطرہ ٹل جانے کے بعد ٹھٹھہ کے ساحلی مقام کیٹی بندر میں زندگی معمول پر آنے لگی۔کیٹی بندر سے نقل مکانی کرنے والے ماہی گیروں اور مقامی افراد کی واپسی شروع ہو گئی۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بارش کے بعد راستے دلدلی ہو جانے سے آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔کیٹی بندر کے دیہاتی علاقوں میں مکین اپنے گھروں اور دکانوں پ ر پہنچنے لگے۔طوفان بپرجوائے کے خطرے کے پیشِ نظر کل کیٹی بندر شہر خالی کرا لیا گیا تھا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ سمندر میں طغیانی، تیز ہوا چلنے اور بارش سے نقصانات ہوئے ہیں۔ادھر سجاول شہر اور گرد و نواح میں رات سے ہلکی بارش اور ہواوں کا سلسلہ جاری ہے۔جاول کے ڈپٹی کمشنر امتیاز ابڑو کے مطابق سمندری طوفان کا خطرہ ٹل گیا، ہفتہ سے ریلیف کیمپس میں مقیم افراد کی گھروں کو روانگی شروع ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ رات میں چلنے والی تیز ہواوں اور بارش کے سبب ہونے والے نقصانات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر بدین آغا شاہ نواز کے مطابق بدین میں سمندری طوفان کا خوف کافی حد تک ختم ہو گیا ہے، آج سے ماہی گیر اپنی اپنی بستیوں میں واپس چلے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ 2 روز میں تیز ہواوں اور بارشوں سے ہوئے نقصان کا جائزہ لے رہیں ہے، کوشش ہے کہ ماہی گیروں کے نقصانات کا جلد سے جلد ازالہ کریں۔