اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں ن لیگ بھاری اکثریت لیکر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی ، ن لیگ کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے۔ وہ جمعہ کو پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جب مجھے پارٹی کے جنرل سیکرٹری کا عہدہ ملا تو پہلی ترجیح میں تمام صوبوں میں مسلم لیگ ن کے عہدوں کو مکمل کیا ، ڈویڑن کی سطح پر فعال لوگوں کو لیکر آئے ۔آج تنظیمی لحاظ سے مسلم لیگ ن کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن کو پارلیمانی قوت میں بدلنا ہے، آئندہ الیکشن میں ن لیگ بھاری اکثریت لیکر ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے دو قراردادیں بھی پیش کیں ، اجلاس نے صدر مسلم لیگ ن کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ باقی عہدوں پر خود تقرری کر سکے ،اسکا اختیار شرکا دیتے ہیں جس پر تمام لوگوں نے ہاتھ اٹھا کر اس کی تائید کی۔