کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی پریس کلب کے ممبران میں مختلف بیماریوں کی تشخیص کے حوالے سے جمعہ کو کراچی پریس کلب اور عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کراچی پریس کلب میں منعقد ہوئی ۔یادداشت پرکراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی ،سیکرٹری شعیب احمد اور عمیر ثنا فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے دستخط کیے ۔تقریب میں پریس کلب کے خازن احتشام سعید قریشی،گورننگ باڈی کے ارکان شمس کیریو ،فاروق سمیع،کلثوم جہاں، ذوالفقار راجپر،ذوالفقار ووہوچو،سابق سیکرٹری مقصود یوسفی ،ہیلتھ کمیٹی کے سیکرٹری طفیل احمد ،ایم ایس گورنمنٹ اسپتال سعود آباد ،عمیر ثنافاؤنڈیشن کے سی ای او ڈاکٹرسید راحت حسین ،سندھ مینٹل ہیلتھ اتھارٹی کے سیکرٹری ڈاکٹرظفرمہدی اور پریس کلب کے ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمیر ثنا فائونڈیشن کے صدر ثاقب انصاری نے کہا کہ تھیلیسیماکی آگہی میں صحافیوں کا اہم کردار ہے۔انہوںنے کہا کہ اس مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد کراچی پریس کلب کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کو خون کی فراہمی ،بچوں میں خون کی بیماریوں ،مائیگرین ،پیڈریاٹک ،تھیلیسیما اور مختلف ٹیسٹ کے حوالے سے مکمل سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ مختلف ٹیسٹ میں بھی رعایت دی جائے گی ۔انہوںنے کہا کہ گائنی کے حوالے سے ہم الخدمت فاؤنڈیشن کو بھی آن بورڈ لیںگے ۔سی ای ا و عمر ثنا فاؤنڈیشن سید راحت حسین نے کہا کہ صحت کے حوالے سے بہت مسائل ہیں جنہیں ہم حل کرینگے،ہم محدود وسائل میں کام کررہے ہیں تاہم کراچی پریس کلب کے ممبران کو ہر ممکن سہولت فراہم کریںگے۔ایم ایس سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد پیر غلام نبی جیلانی نے کہا کہ گورنمنٹ ادارے چاہتے ہیں کہ صحافیوں سے مل کر کام کریں ۔صحافی ہماری ریڈھ کی ہڈی ہیں وہ ہماری اصلاح کریں ۔انہوںنے کہا کہ ایک ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس میں تمام سہولیات فراہم کی جائیںگی ۔اس قسم کے ایم او یوز سسٹم کو مظبوط کریںگے ۔صحافیوں کی ہمارے اداروں میں آمد مثبت عمل ہے۔صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے کہا کہ میڈیا کے حالات کو دیکھ کر ارکین پریس کلب کے لئے صحت کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنا بہت ضروری ہوگیا ہے ڈائیلیسسز اور سماعت کے حوالے سے پہلی بار سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔معاہدے کے ذریعے مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمدیقینی بنایا جائے گاصرف ٹیسٹ اور مرض کی تشخیص سے ارکین کا مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ ادویات کی فراہمی کے لئے بھی ہم اقدامات کرینگے۔سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں صحت کا بہترین انتظام اراکین پریس کلب کے لئے ضروری ہے دو دن پہلے ہم نے ثواب ہیلتھ ٹرسٹ سے گردوں کے امراض اور ڈائیلیسز کے حوالے سے ایم او یو سائن کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ 15 سال سے عمیر ثنا فائونڈیشن پریس کلب کے ساتھ مل کر تھلیسمیا کا عالمی دن مناتے ہیں ہم جلد کے پی سی ہیلتھ کارڈ ایشو کرینگے بہت جلد ہر ضلع میں پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں میں پریس کلب کے ممبران کو سہولیات کی فراہمی شروع ہوجائے گی ۔ہماری صحت کے حوالے سے بہت سے ادروں سے بات چل رہی ہے۔سیکرٹری ہیلتھ کمیٹی کراچی پریس کلب طفیل احمد نے کہا کہ ہم نے مختلف پرائیویٹ سیکٹر سے ارکین پریس کلب کے صحت کے مسائل کے حولے سے بات چیت کی ہے ہم تمام اضلاع میں کلب کے ممبران کے لئے صحت کے حوالے سے سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ۔سندھ مینٹل ہیلتھ نے ذہنی امراض کے حوالے سے بھی یقین دہانی کرائی ہے ۔جناح اسپتال میں سہولیات الگ یونٹ بناکر جلد ارکین کے لئے سہولیات فراہم کی جائے گی۔این آئی سی وی ڈی اور سول اسپتال میں بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔