اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے توانائی (پاورڈویژن)انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ سمندری طوفان سے8ٹاورز متاثرہوئے،این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں متحرک ہیں اور بحالی کا کام تین دن میں مکمل کر لیا جائے گا۔وفاقی وزیر برائے توانائی(پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کی جانب سے132کے وی ڈبل سرکٹ ٹرانسمیشن لائن کے8منہدم ٹاورز پر جاری بحالی کے کاموں کا جائزہ لیا، مذکورہ ٹرانسمیشن لائن حیدرآباد کے قریب جھمپیر ونڈ کلسٹر میں انڈس، لبرٹی-1اور لبرٹی-2ونڈ پاور پلانٹس سے جھمپیرIIگرڈ سٹیشن تک بجلی کی ترسیل کیلئے بنائی گئی ہے اوراسکے8ٹاورز14جون کوشدیدآندھی کے باعث گرگئے تھے۔اس موقع پر وفاقی وزیرتوانائی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سمندری طوفان کے اثرات سے متاثر ہونے والے ٹاورز کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے جوتین دن میں مکمل کر لیا جائے گا، این ٹی ڈی سی کی ٹیمیں بحالی کیلئے انتہائی مستعدی سے کام کر رہی ہیں۔انجینئر خرم دستگیر خان نے کہاکہ ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہونے سے ونڈ پاور کلسٹرسے60میگاواٹ بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی جبکہ 134میگاواٹ بجلی کی سپلائی جاری ہے، جھمپیرگرڈ سٹیشن معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر کوئی غیر معمولی صورتحال پیش نہ آئی تو اگلے72گھنٹے میں ٹرانسمیشن لائن کو بحال کردیاجائے گا۔