کراچی (بیورو رپورٹ ) سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر سول ایوی ایشن نے محفوظ فلائٹ آپریشن سے متعلق ایک اور نوٹم جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق سمندری طوفان بپر جوائے کے پیش نظر سندھ کے چار ایئر پورٹس سے متعلق اہم فیصلہ کرلیا گیا، طوفان کے دوران محفوظ فلائٹ آپریشن سے متعلق سی اے اے نے ایک اور نوٹم جاری کردیا۔جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر محفوظ فلائٹ آپریشن جاری رکھنے کیلئے اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سندھ کے چار ایئرپورٹس پر طوفان کے دوران پروازوں کی لینڈنگ سے متعلق بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے ، کراچی، سکھر، نواب شاہ اور موہن جودڑو ائیرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی۔ایئرپورٹس پر تیس ناٹس سے زیادہ ہوا کی صورت میں لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت نہیں ہوگی، سی اے اے نے سمندری طوفان سے متعلق تازہ نوٹم جاری کرکے تمام ایئرلائنز کو آگاہ کر دیا ہے۔خیال رہے سمندر ی طوفان بیپر جوائے پاکستان کے ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا، اس وقت طوفان کراچی سے 230کلو میٹر اور ٹھٹھہ سے 235 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔