ڈیلس( نمائندہ خصوصی)
امریکہ کے شہر ڈیلس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں سرفراز احمد پاکستانی کمیونٹی میں گھل مِل گئے اور کرکٹ سے متعلق حاضرین کے سوالوں کے تفصیلی جوابات بھی دئیے۔
امریکہ کے شہر ڈیلس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے اعزاز میں فرینڈز آف کشمیر کی چئیرپرسن۔ اور Connecting Dots (کنیکٹنگ ڈاٹس )کی روح رواں غزالہ حبیب نے ایک تقریب سجائی جس میں پاکستان کے قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چوہدری نے بھی اپنی اہلیہ کی ہمراہ خصوصی شرکت کی جبکہ صدر پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکسس سلمان تابانی، رکن بورڈ آف ٹرسٹی برکت بسریا، کمیونٹی لیڈر ڈاکٹر عامر قریشی، پاکستانی امریکن بزنس پروفیشنل ایسوسی ایشن کے صدر ہارون مغل، امریکہ میں پہلے پاکستانی نژاد منتخب کانسٹیبل نبیل شائیک ، سارہ خان ٫ محبوب ھیمانی اور نیلوفر عباسی سمیت ڈیلس میں بسنے والے امریکی پاکستانیوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ اس موقع پر حاضرین کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امریکہ میں کرکٹ کے فروغ اور بڑھتی ہوئی دلچسپی قابل تعریف ہے۔ اگر انہیں موقع ملا تو وہ امریکہ آ کر ضرور کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک کرکٹر کے لئے اپنے ٹیلنٹ کو دکھانے کے لئے بہت سے مواقع ہوتے ہیں، ٹیم کی کہتانی شرط نہیں۔ میں اپنے ملک کے لئے کھیلتا ہوں اس سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کپتانی میں کروں یا ٹیم کا کوئی اور کھلاڑی میں پرفارمنس پر یقین رکھتا ہوں۔ اس موقع پر حاضرین کی فرمائش پر سرفراز احمد نے ایک خوبصورت نعت بھی سنائی۔اس تقریب میں سرفراز احمد پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ گھل مل گئے اور حاضرین نے انکے آٹو گراف لئے ساتھ خوب سلفیاں بھی بنوائیں۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض خود غزالہ حبیب نے ادا کئے جبکہ انعام شیروانی نے سرفراز احمد کے کرکٹ کے سفر پر روشنی ڈالی۔ پاکستان کے قونصل جنرل ہیوسٹن آفتاب چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور کرکٹ دونوں ساتھ ساتھ ہیں، سرفراز احمد کی ڈیلس آمد پر لوگوں کا جوش و خروش اس بات کا ثبوت ہے کرکٹ پاکستانیوں کے دل میں بستی ہے۔ انہوں نے سرفراز احمد کی ڈیلس آمد پر انکا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف کرکٹ کے ایک بہترین انٹرنیشنل کھلاڑی ہیں بلکہ پاکستان کا فخر بھی ہیں۔ انکی قیادت میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کہ جیتا جسے قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ تقریب کے دوران کنیکٹنگ ڈاٹس کی جانب سے برکت بسیریا نے قونصل جنرل آفتاب چوہدری کو جبکہ ڈاکٹر عامر قریشی نے سرفراز احمد کو شیلڈ بھی پیش کی جبکہ کمیونٹی خدمات پر اقبال حسن، کرن حیات، عمیر خان، انعام شیروانی، حائقہ خان، طلعت خان، ثمینہ افتخار سلمہ نسرین اور دیگر کو بھی تعریفی اسناد سے نوازا گیا۔