کراچی( بیورو رپورٹ ) چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو تاریخی کامیابی ملی، یہ کامیابی پورے پاکستان کی فتح ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی و وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب کو میئر اور سلمان مراد کو ڈپٹی میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، انہوں نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی کو تاریخی کامیابی ملی چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ یہ کامیابی کراچی کےجیالوں کی طویل جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے، ملک کے معاشی حب میں نفرت، تقسیم کی سیاست منطقی انجام کوپہنچی، جمہوریت بہترین انتقام ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی اب ترقی، امن اور بھائے چارے کا گہوارہ بنے گا، کراچی کی ہر گلی، محلے اور علاقے کے بلدیاتی مسائل بلامتیاز حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب، سلمان مراد سمیت تمام منتخب نمائندوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داریاں ہیں، یقین ہے ماضی میں کٹھن حالات کامقابلہ کرنے والے جیالے اب کی بار بھی سرخرو ہوں گے۔