اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) پاک فضائیہ کے افسران، جونیئر کمیشنڈ آفسران، ایئر مین اور سویلین اسٹاف کو نمایاں خدمات کے اعتراف میں ایئر ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں نان آپریشنل ملٹری ایوارڈز سے نوازا گیا۔ پاک فضائیہ کے نائب سربراہ ایئر مارشل محمد زاہد محمود تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب کے دوران پاک فضائیہ کے 98 افسران، 25 جونیئر کمیشنڈ افسران و ایئرمین سمیت 17 سول اہلکاروں کو چیف آف دی ایئر اسٹاف تعریفی اسناد سے نوازا گیا جبکہ 17 افسران کو پیشہ ورانہ خدمات کے بیجز عطا کیے گئے۔ تقریب میں 08 جونیئر کمیشنڈ آفیسران اور ایئرمین کو تمغہءخدمت ملٹری (درجہ دوئم) اور تمغہء خدمت ملٹری (درجہ سوم) سے نوازا گیا۔ یہ اعزازات، پیشہ ورانہ خدمات کے بیجز اور چیف آف دی ایئر سٹاف تعریفی اسناد، افسران اور اہلکاروں کی ڈیوٹی کے لیے غیر معمولی لگن اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں دیے گئے۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے دیگر اعلیٰ افسران اور اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔