اسلام آباد (کامرس رپورٹر )عالمی بینک نے پاکستان کےلئے 20 کروڑ ڈالر مالی معاونت کی منظوری دے دی۔عالمی بینک کے مطابق یہ رقم سیلاب متاثرین کی بحالی و تعمیرنو کے لیے منظور کی گئی ہے اور یہ رقم خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرین پر خرچ کی جائے گی۔عالمی بینک کے مطابق خیبرپختونخوا کے دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز منظور کیے گئے، رقم سے خیبرپختونخوا کے 55 لاکھ سیلاب متاثرین کو فائدہ ہوگا۔اس سے قبل اسلامی ترقیاتی بینک نے سیلاب سے متاثرہ پاکستانی علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کے لیے 4 ارب 20 کروڑ ڈالر دینے کا اعلان کیا تھا۔جنوری 2023 میں پاکستان کی سربراہی میں سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں موسمیاتی تباہ کاریوں کے باعث ہونے والے نقصان کے ازالے اور مدد کے لیے کانفرنس کا انعقاد بھی کیا گیا تھا۔عالمی بینک کے مطابق پاکستان میں اگست 2022 کے سیلاب کے اثرات اور پالیسی بے یقینی نے پیداوار متاثر کی ہے۔7 جون کو جاری عالمی بینک کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ پاکستان میں اگست 2022 کے سیلاب کے اثرات اور پالیسی بے یقینی نے پیداوار متاثر کی ہے، درآمدی خوراک، توانائی اور خام مال کی ادائیگی کےلئے زرمبادلہ کی قلت رہی جبکہ صنعتی پیداوار مارچ 2023 تک 25 فیصد کم رہی۔