اسلام آباد( نمائندہ خصوصی ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد نے غیر قانونی منی چینجر سے تقریباً 9 کروڑ ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اسلام آباد زون نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کیخلاف گھیرا تنگ کردیا۔
ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے گوجر خان میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی منی چینجر سے تقریباً 9 کروڑ ملکی وغیرملکی کرنسی برآمد کرلی۔غیرقانونی کرنسی لین دین میں ایک لیگل کرنسی ایکسچینج “ایزی ایکسچینج”کے ملازمین ملوث نکلے ، ملازمین ایک دوسری جگہ پر غیر قانونی کاؤنٹر پر غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت کررہے تھے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ایزی ایکسچینج کا کیشیئر عبدالباسط غیرقانونی کاؤنٹرچلارہاتھا، دوسراملازم اتوار کودکان کاسسٹم بند کر کے آؤٹ آف بک غیرقانونی سرگرمی میں مصروف تھا۔ترجمان نے کہا کہ برآمد کرنسی میں امریکی ڈالربرطانوی پاؤنڈ،یورو،ملائیشین رنگٹ،قطری ریال ودیگرشامل ہیں، ایزی ایکسچینج کی برانچ سے برآمدآؤٹ آف بک کرنسی کو قبضےمیں لے لیا گیا ہے۔