کراچی ( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز(آباد) کو یقین دہانی کرائی ہے کہ گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا درجہ دے کر جی ایس ای ڈی کو10 سے 20 سال تک ٹیکس کی چھوٹ دی جائے گی۔یہ یقین دہانی انھوں نے آباد کے وفد سے ملاقات کے دوران کرائی ہے۔آباد وفد کی قیادت سدرن ریجن کے چیئرمین راحیل رنچ کررہے تھے جبکہ اس وفدمیں سابق چیئرمین آباد عارف جیوا،آباد گوادرچیپٹرکے ممبر عفان قریشی اور ہمایو قادر بھی شامل تھے۔آباد کے وفد نے گوادر کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال سے درخواست کی کہ وہ گوادر کو خصوصی اقتصادی ضلع کا درجہ دینے کا معاملہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اٹھائیں تاکہ اس عمل کو تیز کیا جاسکے۔وفد نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت پہلے ہی گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا درجہ دینے کی منظوری دے چکی ہے۔انھوں نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ ملک کی معاشی ترقی کے لیے جلد از جلد گوادر کو اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ کا اعلان کیا جائے۔وفد نے وفاقی وزیر سے درخواست کی کہ گوادر ضلع کو 35 سال تک کیلیے ٹیکس سے چھوٹ دی جائے جس پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کو گوادر کو 10 سے 20 سال تک کیلیے ٹیکس سے چھوٹ دلانے میں راضی کرنے کی کوشش کریں گے۔احسن اقبال نے آباد کے وفد کو یقین دلایا کہ یہ معاملہ فوری طور پر وزیراعظم شہباز شریف اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اٹھایا جائے گا کیونکہ یہ پاکستان کی ترقی کے لیے بہت اہم ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف جی ایس ای ڈی پر آباد اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ گوادر میں ایک اجلاس کریں گے۔اجلاس میں ٹی او آرز اور ہمسایہ ممالک کے اسپیشل اکنامک ڈسٹرکٹ ماڈل کو حکومت بالخصوص وزارت منصوبہ بندی اور ترقی کے ساتھ ساتھ وزارت خزانہ کے ساتھ شیئر کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے وزیر خزانہ کے ساتھ بلوچستان کوسٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے مشاورت سے مکران کے کوسٹل بیلٹ بالخصوص گوادر رینج کے ساحلی علاقوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے فوری طور پر منصوبے شروع کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔چیئرمین سدرن ریجن آباد راحیل رنچ نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کر کراچی میں آباد ہاؤس کے دورے کی دعوت دی جسے وفاقی وزیر نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ آباد ہاؤس کا دورہ کریں گے۔