کراچی (نمائندہ خصوصی )بحیرہ عرب میں بننے والا سمندری طوفان ’ بپر جوائے ‘ کراچی کے جنوب سے 470 کلو میٹر کی دوری پر ہے لیکن اس طوفان کے اثرات دیکھتے ہوئے ایک حکومتی سینئر اہلکار نے لوڈ شیڈنگ میں اضافے کے حوالے سے خبردار کردیا ہے۔سینئر اہلکار کے مطابق طوفان کے پیش نظر پیر کے روز ایل این جی کارگو 100 ایم ایم سی ایف ڈی ٹرمینل ون سے نہیں جاسکا ہے تاہم اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو پاور سیکٹر کیلئے گیس کی دستیابی کم ہوجائے گی جس کے پیش نظر گیس سپلائی ایمرجنسی کا اعلان کیا جائے گا۔ملک بھر میں اس وقت بجلی کا شاٹ فال 6000 میگاواٹ ہے اوریہ صورتحال ملک بھر میں بجلی کی مزید بندش کا باعث بن سکتی ہے۔وزارت توانائی کے مطابق سمندری طوفان سے ایل این جی کی ترسیل بجلی پیداوار، ترسیلی لائنیں متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ ونڈ انرجی میں بھی کمی پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔وزارت توانائی کے مطابق ایل این جی کی ترسیل متاثر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں 1500 میگاواٹ کمی ہوسکتی ہے، وزارت توانائی ترسیلی مسائل کے باعث کول پاور پلانٹس کی 2400 میگا واٹ بجلی متاثر ہوسکتی ہے۔وزارت توانائی کے مطابق بجلی کی پیداوار میں کمی کو ڈیزل سے بجلی پیدا کرکے پورا کیا جائے گا تاہم ضرورت پڑنے پر لوڈشیڈنگ میں 3-2 گھنٹے اضافہ ہوسکتا ہے۔