اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ اساتذہ تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں،ہمارے بچوں کے مستقبل میں سفارشوں کی کوئی گنجائش نہیں،پراپر ٹریننگ کے ساتھ ہی اساتذہ نوجوانوں کی صحیح تعلیم کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے نئے ایک ہزار بھرتی ہونے والے اساتذہ کے انڈکشن ٹریننگ پروگرام 2023 سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اسلام آباد کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایک ہزار نئے ایلیمنٹری، سیکنڈری اور لیکچررز کی خدمات حاصل کی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اساتذہ تعلیمی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہاکہ یہ ضروری ہے کہ اساتذہ کو ان کے مینڈیٹ کی فراہمی کے لیے صحیح ٹریننگز فراہم کی جائیں۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے بچوں کے مستقبل میں سفارشوں کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پراپر ٹریننگ کے ساتھ ہی اساتذہ نوجوانوں کی صحیح تعلیم کو یقینی بنا سکتے ہیں۔ رانا تنویر حسین نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ اپنی ذمہ داری پوری ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دیں گے۔ انہوںنے کہاکہ اس قوم کا مستقبل اساتذہ کی کارکردگی پر منحصر ہے، امید ہے کہ ہم اسلام آباد کو باقی ملک کے لیے تعلیم کا نمونہ بنا سکیں۔ رانا تنویر حسین نے کہاکہ ہمیں اب ہیومن ریسورس میں انوسٹ کرنا ہے،ہمیں اپنا کردار ایمانداری سے پورا کرنا ہے تاکہ ہم ملک کو کامیابی کے رستے پر لے کہ جا سکیں۔