کراچی(نمائندہ خصوصی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سمندری طوفان کی پیش نظر عوام کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور انتظامیہ سے تعاون کی اپیل کی ہے۔ میڈیا سیل بلاول ہاﺅس سے جاری کردہ بیان کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ موسمیاتی رپورٹس کے مطابق سمندری طوفان ‘بائپر جوائے’ سے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے ساحلی علاقوں کو خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتِ سندھ سمندری طوفان کی پیشِ نظر چوکس ہے اور ہر ممکن حفاظتی اقدام اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام خصوصا ساحلی علاقوں کے لوگ انتظامیہ سے تعاون کریں اور بلاتاخیر حفاظتی مقامات پر منتقل ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ پرانی اور خستہ حال عمارتوں میں مقیم شہری بھی ہنگامی بنیادوں پر محفوظ مقامات پر منتقل ہوں۔ انہوں نے ماہی گیروں کو بھی اپیل کی کہ ماحول معمول پر آنے تک وہ آئندہ چند دنوں کے لیے کھلے سمندر میں بلکل بھی نہ جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ طوفانی بارش کے دوران سفر سے گریز کیا جائے، تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کرنا ہی قدرتی آفت کے ممکنہ نقصان سے بچنے کا راستہ ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے پارٹی عہدیداران و کارکنان کو بھی ہدایات دیں کہ وہ امدادی سرگرمیوں میں انتظامیہ کا ہاتھ بٹائیں، جبکہ ساحلی علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں موجود اور عوام سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی سکھ ہوں یا دکھ، عوام کے ساتھ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالی پاکستان کے ہر کونے اور ہر پاکستانی کو قدرتی آفات سے محفوظ اور اپنی حفظ و امان میں رکھے۔