کراچی( بیورو رپورٹ) کراچی ٹرانسفارمیشن پلان افواج پاکستان کی جانب سے شہر قائد کے لیے ایک اور کامیاب سنگ میل کے طور پر سامنے آیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی ٹرانسفارمیشن پلان وفاقی و صوبائی حکومتوں، سول اور ملٹری ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے، جس کی تکمیل 30 جون 2025 تک ہونے کا امکان ہے۔کراچی ٹرانسفارمیشن پلان میں آبی ریلوں کی نکاسی، ویسٹ مینجمنٹ، سٹی ٹرانسپورٹ پلان، گرین لائن، اورنج لائن، ایئر لائن اور یلو لائن شامل ہیں۔ان منصوبوں کے مکمل ہونے سے کراچی کے شہریوں کو بنیادی شہری سہولیات میسر ہوں گی، نہ سیلابی ریلوں کا خدشہ ہوگا اور نہ ہی ٹرانسپورٹ کے مضر اثرات عام آدمی تک پہنچیں گی۔یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے سندھ حکومت کے اشتراک سے کراچی کے لیے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کا اعلان کیا تھا، اور کراچی کے لیے میگا منصوبوں میں سے ایک منصوبہ این ڈی ایم اے کے لیے مختص کیا گیا تھا۔این ڈی ایم اے کو محمود آباد، گجر، اورنگی نالوں کی صفائی اور متاثرین کے لیے 2 سال تک 15 ہزار کی مالی امداد سونپی گئی تھی۔
نالوں کے دو اطراف آر سی سی دیواروں کی تعمیر، سڑک اور فٹ پاتھ کی تعمیر، نئے پلوں کی تعمیر اور علیحدہ سیوریج لائنز کی تنصیب کی ذمہ داریاں بھی حوالے کی گئی تھیں۔