کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے زیر تربیت ڈی ایس پیز کے 32 رکنی وفد کی گورنرہاﺅس میں ملاقات کی۔ یہ ڈی ایس پیز نیشنل پولیس اکیڈمی کے اسپشیلائزڈ ٹریننگ کورس میں شریک ہیں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ امن و امان کے قیام میں سندھ پولیس کا کردار ناقابل فراموش ہے اس ضمن میں انسپکٹر اور ڈی ایس پیز شب و روز محنت کرکے معاشرہ سے جرائم کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے معاشرہ میں پولیس سے متعلق ایک منفی سوچ پائی جاتی ہے اس سوچ کے خاتمہ کے لئے سندھ پولیس کو عوام دوست اقدامات یقینی بنانا ہوں گے،عوام سے مضبوط روابط اور ان کا اعتماد بحال کئے بغیر پائیدار امن و امان کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی غیر ملکی سرمایہ کاری کے لئے انتہائی آئیڈیل شہر ہے اس وقت شہر میں کئی ممالک کی کمپنیاں کام کررہی ہیں،غیرملکی قونصل جنرلز کے دفاتر کے ساتھ ساتھ کئی اہم عمارتیں اور مقامات ہیں اورشہر قائد میں بڑے پیمانے پر غیر ملکی کاوباری افراد بھی آتے ہیں اس لئے شہر میں پر امن ماحول کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی حاصل کرنے والے تمام ڈی ایس پیز کو مبارک باد دیتاہوں یہ ترقی آپ کی قابلیت اور تجربہ کی مرہون منت ہے،آپ کو اسی لگن ، محنت اور وژن کے ساتھ ملک و قوم کی خدمت کرنا ہوگی۔