کراچی / حیدرآباد / سکھر (اسٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے چند ماہ قبل میٹرک ، انٹر اور گریجویشن لیول کے سرکاری ملازمتوں کے لئے آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے وفاق المدارس کے فضلاء کرام کو میرٹ لسٹ میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میٹرک ، انٹر اور گریجویشن لیول کے ملازمتوں میں ہیر پھیر بند کی جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی جانب سے گریڈ پانچ سے گریڈ پندرہ کے ملازمین کی بھرتیوں میں ٹیسٹ پاس کرنے کے بعد ہونے والی ترامیم قبول نہیں کریں گے ، وفاق المدارس کے فاضل گریجویٹ علماء کرام نے آئی بی اے سکھر سے ٹیسٹ پاس کرلئے ہیں اب کوالیفائی کرنے کیلئے علماء کی ڈگری کو کمزور ثابت کرنا قبل مذمت عمل ہے علماء کرام کی ڈگری پر بھی انہیں اضافی نمبر دیئے جائیں ۔ علامہ راشد محمود سومرو نے واضح کیا کہ وفاق المدارس العربیہ کے گریجویٹ فضلاء نے ایکویلنس اور معادلے کی اسناد جمع کرادی ہیں اور آئی بی اے سکھر نے تسلیم کرکے ان کا ٹیسٹ بھی لیا ہے آئی بی اے سکھر نے فاق المدارس العربیہ کے فضلاء اسناد کے معادلہ کو تسلیم کیا تھا ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی بی اے سکھر کے تحت ٹیسٹ پاس کرنے والے تمام امیدواروں کو میرٹ لسٹ میں جگہ دی جائے کامیاب امیدواروں کیلئے دوبارہ سے شرائط رکھنا بدنیتی اور ناانصافی ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ڈگری کے حامل امیدواروں میں وفاق المدارس کے گریجویٹ علماء کی ڈگری بھی تسلیم کرے ۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی سند بھی گریجویشن کے مساوی ہے ۔حکومت سندھ آئی بی اے ٹیسٹ پاس امیدوار فاضل علماء کرام کی ملازمت میں رکاوٹ نہ ڈالے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی بی اے ٹیسٹ پاس کرنے والے علماء کرام امیدواروں کو ملازمتیں ترجیحی بنیادوں پر نہ دی گئیں تو بھرپور احتجاج کا اعلان کریں گے ۔