کراچی(نمائندہ خصوصی) سمندری طوفان کے پیشِ نظر مختلف حادثات و تباہیوں سے بچنے کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔چیف سیکرٹری سندھ کے ترجمان کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کمشنر کراچی اور حیدر آباد کو نالوں کے چوکنگ پوائنٹس فوری کلیئر کرنے کا حکم دے دیا۔چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے کمشنر کراچی اور حیدر آباد کو دونوں شہروں سے بل بورڈز ہٹانے کا حکم بھی دیا ہے۔انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو کنٹرول روم، ہنگامی پلان بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔چیف سیکریٹری سندھ نے کہاکہ ممکنہ طوفان سے دو چار علاقوں کے رہائشیوں کی حفاظت اور ان کا انخلا یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام اضلاع میں امدادی ٹیموں اور ضروری سامان کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔چیف سیکریٹری سندھ نے کہاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے بلدیاتی اداروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی جائیں۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے رابطے میں رہیں۔ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے سیکریٹری صحت کو ہدایت کی ہے کہ طوفان سے متاثرہ اضلاع کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی جائے۔