اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت 1 جولائی 2023 سے شروع ہونے والے اگلے مالی سال میں چین سے سینکڑوں ہائبرڈ بسیں خرید ےگی۔ گوادر پرو سے گفتگو کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صوبے کو عوام کی سہولت کےلئے بسوں کی ضرورت ہے، ہم نے حال ہی میں چین سے بسیں خریدی ہیں، اور وہ بہت زیادہ ایندھن کی بچت کرتی ہیں،ہم آنے والے مہینوں میں مزید خریدنے کا ارادہ رکھتے ہیں ۔ میمن نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت سندھ میں ٹرانسپورٹ کے مسئلے کو حل کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی بسیں فائدہ مند رہی ہیں اور ہمیں امید ہے کہ چینی ٹیکنالوجی سے مزید فائدہ اٹھایا جائےگا اس سے قبل سندھ حکومت نے مالی سال 2023-24کے صوبائی بجٹ میں 500 ہائبرڈ بسوں کی خریداری کےلئے 10 ارب روپے مختص کیے تھے۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ہفتہ کو صوبائی بجٹ پیش کرتے ہوئے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کےلئے کل 13.4 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 6.1 بلین روپے انٹرا ڈسٹرکٹ پیپلز بس سروس کےلئے اور 2 بلین روپے ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کی بحالی کےلئے مختص کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، حکومت نے نئے رو ٹس کےلئے 600 ملین روپے مختص کیے ہیں۔ سندھ سیکرٹریٹ کے ملازمین کی سہولت کے لیے آئندہ سال سے تین نئے روٹس متعارف کرائے جائیں گے۔