کراچی(نمائندہ خصوصی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ارشاد ظفیر اور شبیر قائم خانی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے ایک وفد نے جناح ہاﺅس لاہور کا دورہ کیا۔ایم کیو ایم کے وفد میں پنجاب کے صدر چوہدری عابد گجر،جنرل سکریٹری شیخ کرامت علی، اے پی ایم ایس او پنجاب کے صدر مہر زین علی سمیت پنجاب کمیٹی کے زمہ داران اور سینٹرل پنجاب کے صدر شاہین گیلانی، جنرل سکریٹری رانا نعمان وسیم بھی موجود تھے۔ایم کیو ایم کے وفد نے ملک دشمن شرپسندوں کی جانب سے 9 مئی کو جناح ہاﺅس لاہور نظر آتش کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا اور اس سانحہ کو عمران خان نیازی کے ملک دشمنی پر مبنی بیانیہ کا نتیجہ قرار دیا۔ایم کیو ایم کے وفد نے پاک فوج کے شہدا اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ جناح ہاس لاہور سمیت فوجی تنصیبات،شہدا کی یادگاروں اور حکومتی املاک کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچائیں اور ان حملوں کے ماسٹر مائنڈز اور اس سب کے سرغنہ عمران نیازی کو قرار واقعی سزا دی جائے۔