کراچی (نمائندہ خصوصی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کورنگی زمان ٹان کے زیرِ اہتمام شہدا حق ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں سینئر ڈپٹی کنوینئر ڈاکٹر فاروق ستار نے مہمان خصوصی شرکت کی اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے فائنل میچ کی فاتح ٹیم میں ٹرافی اور دیگر انعامات تقسیم کیے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اے پی ایم ایس او جو تحریک کی بنیاد ہے اسکا 45 واں یوم تاسیس ہے میں اپنے کورنگی زمان ٹان کے ساتھیوں کو اس دن کی مناسبت سے ایک شاندار پروگرام کا انعقاد کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم اپنے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنکی بدولت ہم یہاں تک پہنچے ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان نے اپنے عوام کے لئے صحت مند سرگرمیوں کا آغاز کیا ہے جس کی وجہ سے کراچی کرکٹ شائقین کی ایک بڑی تعداد گرانڈ میں موجود ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس ٹورنامنٹ میں کھیل پیش کرنے والے کراچی کے کھلاڑی ایک دن ضرور نیشنل اور انٹرنیشنل کرکٹ بھی کھیلیں گے۔ اس وقت شہر کراچی میں تین جماعتیں میئر کی کرسی کے لئے لڑرہی ہیں جنہوں صرف اور صرف 10 فیصد ووٹ حاصل کئے ہیں جن 90 فیصد لوگوں نے ووٹ نہیں دیا وہ یہاں اس گرانڈ میں موجود ہیں اور ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔ ارباب اختیار سن لیں ہمیں جتنا نظر انداز کریں گے اتنا ہی اس ملک کا نقصان کریں گے۔ پاکستان بنانے والوں کی موجودہ نسل کیا صرف فوڈ پانڈا اور بائکیا چلانے کے لئے رہ گئے ہیں؟جنکا اصلی ڈومیسائل وہ در در کی ٹھوکریں کھارہے ہیں جب کہ جعلی ڈومیسائل رکھنے والے انکا حق کھارہے ہیں یہ دہرا معیار اب نہیں چلے گا۔