کراچی (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام سید امین الحق نے ممکنہ سمندری طوفان سے نمٹنے کے لیے وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرکے اپنی وزارت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔سید امین الحق نے کراچی، ٹھٹھہ، سجاول میں ممکنہ طوفان کے پیش نظرمتعلقہ حکام سے بھی ہنگامی رابطے کیے اور طوفان سے ممکنہ متاثرہ علاقوں میں اقدامات پر تبادلہ خیال کیا ۔سید امین الحق نے چیف سیکریٹری سندھ سہیل راجپوت کو گجر نالہ، اورنگی نالہ کی صفائی اور بہاو کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔انہوںنے کہا کہ تیزرفتار ہواو¿ں سے بجلی کے کھمبے،درخت اکھڑنے، بل بورڈز گرنے کاخدشہ اور بارشوں سے سیلابی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔نالوں کی صفائی ، نکاسی آب کے نظام اورٹوٹی سڑکوں کی ہنگامی مرمت سے صورتحال کو بہتر کیا جاسکتاہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ بجلی کے ترسیلی نظام کیلئے، کے الیکٹرک کو کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنا چاہی۔امین الحق نے پی ڈی ایم اے کے سلیمان شاہ کو ٹھٹھہ، سجاول، کیٹی بندر سمیت تمام علاقوں سے رہائشیوں کی نقل مکانی میں تیزی لانے کی ہدایت کی ۔وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ حفیظ الرحمان سے بھی رابطہ کیا اور کہا کہ میٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سمندری طوفان کی وجہ سے بجلی، انٹرنیٹ کا نظام بھی متاثر ہو سکتا ہے۔ٹیلی کام کمپنیوں کو پابند کیا جائے کہ وہ ٹاورز اور آپٹیکل فائبر کیبل کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں۔ممکنہ طوفان اور شدید بارشوں میں نیٹ ورکنگ نظام کو فعال رکھنے کے اقدامات کیئے جائیں۔ہنگامی صورتحال میں انٹرنیٹ وموبائل سروسزبحال رکھنے کے متبادل اقدامات لازمی ہیں۔پی ٹی اے ٹیلی کام کمپنیوں سے مکمل رابطے میں رہے، کوتاہی برداشت نہیں ہوگی۔