کراچی( نمائندہ خصوصی) سندھ کے وزیر بلدیات سیدناصرحسین شاہ نے کہاہے کہ 15 جون کو میئر کراچی کا الیکشن پیپلزپارٹی جیتے گی کیسے جیتے گی اس بات کو چھوڑیں۔خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ بلدیاتی نمائندوں پر کوئی پابندی نہیں وہ ووٹ دے سکتے ہیں، کراچی میں جماعت اسلامی کا صرف ایک ایم پی اے ہے انہیں بلدیاتی انتخابات میں 80 نشستیں کیسے مل گئیں؟انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ارکان اسمبلی چھوڑ رہے ہیں تو یوسی چیئرمین بھی چھوڑ سکتے ہیں جبکہ بلدیاتی انتخابات میں 90 فیصد لوگ پیپلزپارٹی کے جیتے۔ایک سوال کے جواب میں ناصر شاہ نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی بنے یا کوئی اور ہمیں فرق نہیں پڑتا، پیپلزپارٹی عوام کی سپورٹ سے الیکشن جیت رہی ہے، باغ آزاد کشمیر کے عوام نے بھی پیپلزپارٹی پر اعتماد کیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن کے بعد بلاول بھٹو وزیراعظم بنیں گے، پیپلزپارٹی کا واضح موقف ہے الیکشن وقت پر ہوں۔صوبائی وزیرنے کہاکہ اگست میں اسمبلیوں کی مدت مکمل ہوگی اس کے بعد الیکشن ہوں گے، عوام جس کو مینڈیٹ دیں اسے حکومت ملنی چاہیے۔