لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ روس سے تیل کی فراہمی تسلسل کے ساتھ شروع ہو جائے گی تو قیمتوں میں فرق آئے گا۔ایک انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ضرورت کا ایک تہائی خام تیل روس سے لینا شروع ہو جائیں گے تو قیمتوں میں بڑا فرق آئے گا اور اس کا اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف ہے کہ ایک تہائی خام تیل رعایتی قیمت پر روس سے آئے، جب ہم اپنا ہدف حاصل کر لیں گے تو تیل رعایتی قیمت پر ہوگا، اصل قیمت اس وقت نہیں بتا سکتا، تاہم اس کا بہت بڑا فرق آئے گا اور اثر لوگوں کی جیب تک پہنچے گا۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ابھی پہلا جہاز آیا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ ایک ڈیڑھ مہینے میں تسلسل سے روسی تیل آنا شروع ہو جائے۔روسی تیل کی خریداری کے حوالے سے مصدق ملک نے کہا کہ اگر آپ معاہدوں کی پاسداری کریں اور شفافیت رکھیں تو عالمی سطح پر کوئی مسئلہ نہیں ہوتا، ہم نے کوشش کی ہے کہ عوام کیلئے سستا تیل لے کر آئیں۔وزیر مملکت برائے پٹرولیم کا کہنا تھا کہ ہمارا روس کے ساتھ ابھی ایک لاکھ ٹن تیل کی خریداری کا معاہدہ ہوا ہے جو کہ دو جہازوں میں آنا تھا، ایک جہاز آچکا ہے جس کی ترسیل آج شروع ہو جائے گی، دوسرا جہاز بھی ایک ہفتے میں پہنچ جائے گا۔ دوسری جانب وزارت پیٹرولیم حکام نے کہا کہ روسی تیل عام مارکیٹ سے 30 سے 40 فیصد سستا ہے، یکم جولائی سے پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں پر فرق پڑے گا۔روس کا 50 ہزار میٹرک ٹن خام تیل کا پہلا جہاز پاکستان پہنچ گیا، کراچی کی بندرگاہ پر ان لوڈنگ کا عمل شروع کردیا گیاہے۔وزارت پیٹرولیم حکام کے مطابق روسی خام تیل سے پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا ہوگا، روسی تیل آنے سے پیٹرول و ڈیزل کی قمیتوں پر یکم جولائی سے فرق پڑے گا، پاکستانی ریفائنریز میں روسی تیل کو صاف کرنے کا عمل جلد شروع ہوگا۔حکام نے مزید بتایا کہ روس سے خام تیل کی درآمد ماہانہ 14 لاکھ بیرل تک بڑھائی جاسکتی ہے، روسی تیل صاف ہونے کے بعد اوسط قمیت نکالی جائے گی، مقامی اور روسی تیل کو ملا کر اوسط قیمت نکلے گی، روسی تیل عام مارکیٹ سے 30 سے 40 فیصد سستا ہے۔حکام نے بتایاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی اوسط پیداوار 50 فیصد سے زائد نکلی تو قیمتیں 40 روپے فی لیٹر کم ہوسکتی ہیں، 45 ہزار میٹرک ٹن کھیپ پی آر ایل میں ریفائن ہوگی، پارکو بھی روسی تیل ریفائن کرنے میں حصہ لے گا، آئندہ دو ہفتوں میں روسی تیل مارکیٹ میں آجائے گا۔