لاہور(نمائندہ خصوصی ) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی عسکری ٹاور حملہ کے مقدمے میں مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔
پولیس نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو دو دن کا جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا۔
اس موقع پر تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹر یاسمین راشد سے گلبرگ عسکری ٹاور حملہ کے مقدمے میں مزید تفتیش کرنی ہے لہٰذا اس کیلئے مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد پولیس کی استدعا کو مسترد کر دیا اور ڈاکٹر یاسمین راشد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پولیس کو پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو 25 جون کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔