سجاول ( نمائندہ خصوصی) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سمندری طوفان کے پیش نظر انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے لوگوں سے نقل مکانی کی اپیل کردی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کیٹی بندر، شاہ بندر اور جاتی کا دورہ کیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کیساتھ وزیر بلدیات ناصر شاہ، چیف سیکریٹری سہیل راجپوت بھی موجود تھے۔ڈی جی رینجرز ، کمشنر حیدرآباد ،منتخب نمائندوں، ڈی آئی جی حیدر آباد،ڈی سی سجاول ، ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری، ایم پی ایز محمدعلی ملکانی، ہیر سوہوودیگر منتخب نمائندوں نے ان کا استقبال کیا۔وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ کو کمشنر حیدر آباد اور میری ٹائم سیکیورٹی کے کموڈور کی جانب سے سمندری طوفان سے متعلق بریفنگ دی گئی۔جس میں بتایا گیا کہ سمندری طوفان 15 جون کو ٹکرائے گا اور جون 17 تا 18 جون تک اثر کم ہوجائے گا، طوفان کی شدت میں معمولی کمی سے 13جون یا 14 جون کے بجائے 15جون کوٹکرائے گا، طوفان کے ٹکرانے سے سمندر میں 4 تا 5 میٹر طغیانی ہوگی اور پانی بہت آگے آجائے گا۔بریفنگ میں کہا گیا کہ بدین کے زیرو پوائنٹ کےگاؤں بھگڑا میمن سے لوگوں کا انخلا کیا گیا ہے ،شاہ بندر،جاتی،کیٹی بندر کےقریب دیہات سے50ہزارلوگوں کاانخلا ہو گا تاہم شاہ بندر کے جزیروں سے رات 2ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ ساحلی پٹی سے پچاس ہزار لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا منصوبہ ہے، مراد علی شاہ نے لوگوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے گاؤں چھوڑ دیں، اس کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے، حکومت انہیں ٹرانسپورٹ، رہائش، خوراک اور ادویات فراہم کرے گی۔