کراچی (خصوصی کرائم رپورٹر)کراچی میں شعلے ڈکیت گروپ سرگرم ہوگیا ہے جس نے سہراب گوٹھ کے علاقے میں فائرنگ کرکے دو پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا ہے۔پولیس زرائع کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الاصف اسکوائر کے عقب میں واقع انڈس پلازہ کے قریب شعلے ڈکیت گینگ نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں رحمت اللہ اور عبدالحکیم کو شہید کر دیا اور فرار ہوگئے۔شہید پولیس اہلکاروں کے 2 نائن ایم ایم پستول بھی غائب ہیں، جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان فرار ہوتے وقت شہید پولیس اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے ہیں پولیس کو جائے وقوع سے ملزمان کا ایک نائن ایم ایم پستول اور 30 بور گولیوں کے خول بھی ملے ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلدازجلد گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔مذکورہ واقعے کا مقدمہ سراب گوٹھ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ جو سرکار کی مدعیت میں اے ایس آئی ناصر اقبال چیمہ کی جانب سے درج کرایا گیا۔ مقدمے میں قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔ پولیس کی جانب سے شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ اہلکاروں کے قتل میں شعلے ڈکیت گینگ کے کارندے ملوث ہے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی شہادت شعلے ڈکیت گینگ سے مقابلہ کرتے ہوئے ہوئی۔ شعلے ڈکیت گینگ کے 2 کارندے 6 ماہ قبل بھی پولیس مقابلے میں مارے جا چکے ہیں۔