کراچی(نمائندہ خصوصی) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے لیجنڈ کرکٹر یونس خان کے ساتھ کراچی پریمئر لیگ کے سلسلہ میں گورنر ہاﺅس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کراچی پریمئر لیگ اس سال منعقد کی جائے گی، اس سے مقامی کرکٹر کی صلاحیتوں کو ابھارنے میں مدد ملے گی، جبکہ یونس خان کی موجودگی اسے ایک کامیاب ایونٹ بنانے میں مدد دے گی۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کرکٹ کی نرسری ہے، یہاں سے کئی نامور کرکٹرز سامنے آئے ہیں، حنیف محمد، جاوید میانداد، یونس خان، شاھد آفریدی نے کراچی میں کرکٹ کھیل کر نام پیدا کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی کے کرکٹ گراﺅنڈز کی حالت بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کرکٹ کے فروغ سے پاکستان کو ٹیلنٹڈ کھلاڑی فراہم ہوں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پریمئر لیگ کے سرپرست اعلیٰ کے طور پر اسے کامیاب ایونٹ بنانے کے لئے کام کروں گا، انہوں نے کہا کہ پاک انڈیا کرکٹ کی بحالی سے شائقین کو بہترین کرکٹ دیکھنے کو ملے گی، نجم سیٹھی بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کے دوروں کے لئے قابل تحسین اقدامات کررہے ہیں۔ یونس خان نے کہا کہ کراچی پریمئر لیگ میں گورنر سندھ کی دلچسپی خوش آئند ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے ٹیلنٹ کو ابھارنے کے لئے کراچی پریمئر لیگ کی صدارت قبول ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ سے جو شہرت ملی ہے، اسے نوجوانوں کو سکھانے کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہوں۔ معیز بن زاھد نے کہا کہ کراچی پریمئر لیگ اس سال ستمبر سے دسمبر کے دوران منعقد ہوگی۔