اسلام آباد (نمائندہ خصوصی )آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیاء کا امن تنازعہ کشمیر کے حل سے جڑا ہوا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چوہدری انوار الحق نے آج اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل پر منحصر ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری دہائیوں سے جاری تنازعے کو حل کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرے جو گزشتہ 75 سال سے اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر التواء کا شکار ہے۔ کشمیریوں کی جاری تحریکِ آزادی کو ایک جائز جدوجہد قرار دیتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے تاکہ آزادی کے اپنے نصب العین کو حاصل کیا جاسکے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا حوالہ دیتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے کہا کہ قابض فورسز کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کا قتل عام ، ماورائے عدالت قتل ، جبری گرفتاریاں اور خواتین کی بے حرمتی کشمیر میں ایک نیا معمول بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود بھارت کشمیریوں کے دلوں سے جذبہ آزادی کو مٹا نہیں سکا۔ اُنہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو کشمیری حریت رہنمائوں کی حالتِ زار کا نوٹس لینا چاہیے جنہیں کالے قوانین کے تحت جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے۔ آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے عالمی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ بھارت کی ہٹ دھرمی کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔