اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)مسجد الحرام میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے پاکستان حج مشن نے خصوصی انتظامات کرتے ہوئے عازمین کی رہنمائی کے لئے 50 سے زائد حرم گائیڈز تعینات کیے ہیں۔ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق حرم گائیڈز حرم کے 7 دروازوں اور کلاک ٹاور کے سامنے پاکستانی پرچم والی جیکٹ اور ٹوپی پہنے ہر وقت موجود رہیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ رش کے باعث مسجد الحرام کا گراونڈ فلور صبح 10 بجے سے پہلے ہی مکمل بھر گیا تھا جس کے باعث سعودی حکام مزید زائرین کو اوپری منزلوں اور حرم کی نئی توسیع کی جانب بھیج رہے ہیں۔وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق مسجد الحرام میں بیک وقت 25 لاکھ نمازیوں کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ مکہ مکرمہ میں آج 40 ہزار سے زائد سرکاری عازمین حج موجود ہیں، شام تک 3 ہزار عازمین مدینہ منورہ میں قیام مکمل کرکے مکہ پہنچیں گے جبکہ شام تک 26 سو سے زائد عازمین براستہ جدہ مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ترجمان کے مطابق نماز جمعہ کے بعد پاکستانی عازمین حج کو بسوں پر ان کی رہائش گاہوں تک پہنچایا جائے گا۔ ڈائریکٹر حج مکہ، ڈائریکٹر معاونین، ڈائریکٹر سہولت و تعاون ٹیموں کے ہمراہ مسجد الحرام کے باہر موجود ہوں گے۔