اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ عراق میں پاکستانی سفارتخانے کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے،زائرین کے مسائل پر عراقی حکومت سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے،نجف اور کربلا میں پاکستان ہاوس کھولنے کا ارادہ ہے،زائرین کیلئے کراچی سے عراق تک فیری سروس شروع کرنے کا پروگرام ہے،ریڈ لائن عبور نہ کرنے کی باتیں کرنیوالے بتائیں کہ ایئر لائینز تک کا سفر کیسا لگ رہا ہے،پیپلز پارٹی کو صوبے کی جماعت کہنے والو دیکھ لو ،پورے ملک سےبڑی تعداد میں لوگ پیپلز پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں،مصنوعی پارٹی میں شامل مصنوعی رہنما کہاں ہیں،بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں 20لاکھ نئے لوگوں نے رجسٹریشن کروائی ہے۔ میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر ڈھوکی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کشمیر باغ کی عوام نے پیپلز پارٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا،پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی قیادت اور جیالے مبارک باد کے مستحق ہیں،جنرل الیکشن میں بھی اس سیٹ پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کو دھاندلی سے ہرایا گیاتھا،پی ٹی آئی کو بھی اس الیکشن میں عوام میں اپنی مقبولیت کا پتا چل گیاہے، بلاول بھٹو زرداری نے ہر فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑا،بلاول بھٹو زرداری نے پوری دنیا کے سامنے کشمیر پر پاکستان کا موقف سامنے رکھا ،ہواوں کا رخ تبدیل ہو رہا ہے، جو پیپلز پارٹی کو صرف سندھ کی پارٹی سمجھتے تھے ان کوپتا چل گیا کہ پیپلزپارٹی عوامی پارٹی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے عراق کا اپنا پہلا دورہ کیا ،یہ تین روزہ دورہ کامیاب رہا ،بلاول بھٹو نے دورے کے دوران حکومتی ، مذہبی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں،بلاول بھٹو زرداری کی حکومتی افراد کے ساتھ مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی،زائرین کے ویزے کے مسئلے پر عراقی حکام سے بات چیت ہوئی،عراق میں مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے بات ہوئی،پاکستان اور عراق کا مشترکہ اعلامیہ جاری ہوا جو خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے،پاکستان اور عراقی وفود کی ملاقاتیں کئی کئی گھنٹوں تک جاری رہیں جس کی وجہ سے نتائج نکلے،جو عراقی جیلوں میں ہیں ان کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔