اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرکاری اور نجی شعبوں میں خصوصی افراد کی ملازمتوں کے کوٹہ پر عمل درآمد کی ضرورت ہے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملازمتوں کے کوٹہ کے نفاذ سے خصوصی افراد کو مالی طور پر بااختیار بنانے اور انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے میں مدد ملے گی ،ملک کی تقریبا 12 سے14 فیصد آبادی خصوصی افراد پر مشتمل ہے ،خصوصی افراد کی ہنر مندی ، ان کے لئے مختلف شعبوں میں ملازمت کے مواقع کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیرصدارت خصوصی افراد کے حقوق و فلاح کے حوالے سے اجلاس جمعرات کو یہاں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت صوبائی اور وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے اجلاس کو خصوصی افراد کی تعلیم اور اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا ۔اجلاس میں نصاب کی تیاری ، تربیت، ملازمتوں کے کوٹے اور مختلف شعبوں میں ملازمتوں کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات بارے بھی بتایا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوٹک نے تقریبا 1700 خصوصی افرادکو مختلف مہارتوں سے آراستہ کرنے کیلئے پروگرام شروع کیاہے ،نیوٹک زیر تربیت خصوصی افراد کو مفت ٹرانسپورٹ اور رہائش کی سہولیات فراہم کرے گا،وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت نے اساتذہ کیلئے تربیتی ماڈیول تیار کیے ہیں ۔ بتایا گیا کہ تربیت سے خصوصی طلبا کی جانب اساتذہ میں حساسیت پیدا کی جا سکے گی ، تربیت یافتہ اساتذہ خصوصی بچوں کی خصوصی تعلیمی ضروریات کو پورا کر سکیں گے ،وفاقی وزارت تعلیم 1000 اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گی ۔ صوبوں کے نمائندوں نے صوبوں میں خصوصی افراد کیلئے رجسٹریشن مراکز کی کل تعداد بارے بتایا گیا ۔اجلاس میں خصوصی افراد کیلئے مختص کوٹہ کے نفاذ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔صدر مملکت نے نجی شعبہ پر خصوصی افراد کو ان کی مہارت کے مطابق معیشت کے مختلف شعبوں میں ملازمتیں فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں نے سرکاری اور نجی شعبے میں خصوصی افراد کی ملازمت کے حوالے سے قوانین بنائے ہیں، کاروباری برادری کو خصوصی افراد کے حقوق کے بارے میں آگاہی دینا چاہیے ، کسی خصوصی طالب علم کو ملک کے کسی بھی اسکول میں داخلے سے انکار نہیں کیا جانا چاہیے،خصوصی بچوں کی تعلیم کیلئے اسکولوں میں تربیت یافتہ اساتذہ کی مناسب تعداد ہونی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی اور صوبائی حکومتیں خصوصی افراد کے حوالے سے اپنے بہترین تجربات کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کریں۔صدر مملکت نے وزارت ِ انسانی حقوق ، وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت اور صوبائی محکموں کی جانب سے اساتذہ اور ماسٹر ٹرینرز کو تربیت فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔