اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹربلال اظہرکیانی نے کہاہے کہ حکومت معاشی حالات کو بہتر کرنے کیلئے بھرپورکام کررہی ہے،ایک سال میں سفارتی محاذ پربہت مثبت پیشرفت ہوئی ہے ،موجودہ حکومت کی ترجیح زرمبادلہ کے ذخائرمیں اضافہ اورمعاشی استحکام ہے،مشکلا ت کے باوجود عوام کوہرممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں،گزشتہ دورحکومت میں2کروڑسے زائدلوگ خط غربت سے نیچے چلے گئے، مسلط کئے گئے ایک شخص کاخمیازہ عوام کوبھگتناپڑا،بجٹ کے بعد آئندہ ملک میں اصلاحات آئیں گی،باہمی مشاورت سے ایکسپورٹ اور گروتھ بڑھانے کیلئے بجٹ میں بہت کچھ نظر آئے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ وفاقی حکومت (آج) جمعہ کو بجٹ پیش کرے ۔ انہوںنے کہاکہ ہمارا ملک گزشتہ کچھ عرصہ سے مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت نے گزشتہ سوا سال سے معیشت کی بحالی کیلئے کام کیا،موجودہ حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام کو آکر آگے بڑھانے کی کوشش کی۔ بلال اظہر کیانی نے کہاکہ گزشتہ ایک سال میں استحکام کیلئے وزیراعظم کی قیادت میں اتحادی حکومت نے بھرپور کوشش کی،گزشتہ گرمیوں میں نظر آ رہا تھا کہ ملک ڈیفالٹ کر جائےگا۔ انہوںنے کہاکہ حکومت نے ڈیفالٹ کے خطرے سے ملک کو نکالا اور اس کیلئے کام کیا۔ انہوںنے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کو اٹھایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ رواں مالی سال دو کروڑ انہتر لاکھ میٹرک ٹن سے گندم کی پیداوار ہوئی،مہنگائی ہے مگر موجودہ حکومت نے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کی۔ انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کی سفارتی سطح پر بحالی کیلئے اقدامات کئے۔ انہوںنے کہاکہ (ن )لیگ نے 2018 میں حکومت چھوڑی تو حالات کچھ اور تھے،مہنگائی کی شرح کنٹرول جی ڈی پی ریشو بہتر معیشت ترقی کی جانب گامزن تھی،پھر ایک مسلط کردہ حکومت ملک میں آئی اور حالات مختلف ہوگئے۔