راولپنڈی ( نمائندہ خصوصی) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سوسائٹی کے شہداءکی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت اور یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذموم مقاصد کے حصول کےلئے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت ہے ،اب وقت آ گیا ہے ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے،شہدا کی یادگاروں، جناح ہاوس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ،جو کے آئین پاکستان کے تحت ہیں، کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایاجائے جبکہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے کہ رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداءپاکستان اور اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں ، ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر پر تشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے،ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈہ کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں، بگاڑ پیدا کرنے اورفرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سودہیں، کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کونہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے، مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا،افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ بدھ کو آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زِیر صدارت جی ایچ کیو میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی ۔فورم نے شہداءکی عظیم قربانیوں جن میں مسلح اَفواج، قانون نافذ کرنے والے اِداروں کے افسران وجوانوں اور سِول سوسائٹی کے شہداءشامل ہیں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقرع پر اظہار خیال کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ رِیاست پاکستان اور مسلح اَفواج، شہداءپاکستان اور اِن کے اہلخانہ کو احترام کی نگاہ سے دیکھتی ہیں اور ان کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ سراہتی رہے گی ۔ سربراہ پاک فوج نے کہاکہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہر ے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں۔جنرل سید عاصم منیر نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکورٹی فورسز پر پر تشدد حملے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے۔ سربراہ پاک فوج نے کہاکہ ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی، جعلی اور بے بنیاد خبروں اور پروپیگنڈہ کے ذریعے معاشرتی تفرقہ اور انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انشاءاللہ قوم کے بھرپور تعاون سے تمام تر ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔فارمیشن کمانڈ کانفرنس کے شرکاءنے یوم سیاہ سانحہ 9 مئی کے واقعات کی سخت ترین مذمت کی۔کانفرنس کے شرکاءنے مذموم مقاصد کے حصول کےلئے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پرزور دیا ۔ کانفرنس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیاکہ اب وقت آ گیا ہے کہ ان کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔ شرکاءنے کہاکہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاوس کی بے حرمتی کرنے والوں اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ،جو کے آئینِ پاکستان کے تحت ہیں، کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لا کر کیفرِ کردارتک پہنچایاجائے۔ آرمی چیف نے کہاکہ بگاڑ پیدا کرنے اورفرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سودہیں۔ آرمی چیف نے کہاکہ کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کونہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جا سکتا ہے۔کانفرنس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ مخالف قوتوں کے ناپاک عزائم کو مکمل طور پر ناکام بنانے کی راہ میں کسی بھی جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرنے اور ابہام پیدا کرنے کی کوششوں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔شرکاءنے کہاکہ افواجِ پاکستان، ملک کی سلامتی اور استحکام کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔