کراچی( نمائندہ خصوصی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 15 جون کو سندھ بھر میں ہونے والے میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین، وائس چیئرمین سمیت تمام کونسلرز کے سربراہان کے انتخابات کیلیے حکم نامہ جاری کر دیا ہے،جس میں کہا گیا ہے کہ تمام منتخب بلدیاتی منتخب نمائندوں کو ووٹ دینے کا حق دیا جائے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ 15 جون کو تمام گرفتار منتخب نمائندوں کی ہیڈ آف کونسلرز کے انتخابات میں حاضری کو یقینی بنایا جائے اور انہیں پروڈکشن آرڈر کے تحت ووٹ ڈالنے کے لیے حاضر کیا جائے۔چیف الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے لکھے گئے خط میں چیف سیکرٹری سندھ کو ہدایت کی گئی ہے کہ تمام منتخب نمائندوں کی حاضری الیکشن کے روز یقینی بنائیں۔الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے حکم کی مکمل پاسداری کی جائے اور صاف و شفاف الیکشن کے لیے تمام منتخب نمائندوں کی موجودگی کے انتظامات کیے جائے۔واضح رہے کہ کراچی میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے لیے ایوان آج مکمل ہوگا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق کراچی سے مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے امیدوار آج سہ پہر تین بجے حلف اٹھائیں گے۔